Time 18 جون ، 2025
کاروبار

’کلبز لوگوں کی عیاشی کیلئے ہیں‘، چیئرمین ایف بی آر، بڑے کلبز پر ٹیکس لگانے کی تجویز منظور

’کلبز لوگوں کی عیاشی کیلئے ہیں‘، چیئرمین ایف بی آر،  بڑے کلبز  پر ٹیکس لگانے کی تجویز منظور
ایک ایک ملین ڈالر کی زمین ہے، چند لوگ عیاشی کررہے ہیں، کسی بھی کلب کے منافع پر ٹیکس لگایا جائےگا: چیئرمین ایف بی آر/ فائل فوٹو

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے ملک کے بڑے کلبز  پر ٹیکس لگانے کی تجویز منظور کرلی۔ 

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا جس میں چیئرمین ایف بی آر نے بریفنگ دی۔ 

اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ اسلام آباد کلب سمیت کئی کلب 3 ہزارلوگوں کی عیاشی کےلیے بنے ہیں، بڑےبڑےکلبوں نے اربوں روپے اپنے اکاؤنٹس میں رکھے ہوئے ہیں۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ایک ایک ملین ڈالر کی زمین ہے، چند لوگ عیاشی کررہے ہیں، کسی بھی کلب کے منافع پر ٹیکس لگایا جائےگا۔

اجلاس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے ملک کے بڑے بڑے کلبز پر ٹیکس لگانے کی تجویز منظور کی۔ 

اس کے علاوہ چیئرمین ایف بی آر نے کمیٹی کو بتایا کہ آئندہ بجٹ میں 6 لاکھ روپے سالانہ انکم ٹیکس چھوٹ کی تجویز ہے، 6 سے 12 لاکھ روپےسالانہ آمدن پرٹیکس2.5 فیصد ہوگا، ایک لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پرایک ہزار روپے ٹیکس دینے سےکوئی آسمان نہیں گرےگا۔ 

اس موقع پر سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ انکم ٹیکس چھوٹ کی سالانہ حد 12 لاکھ روپےہونی چاہیے جب کہ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ  آج 50 ہزار روپے کی ویلیو 42 ہزار روپے ہوچکی ہے۔ 

اجلاس میں اراکین نے آن لائن کامرس پر ٹیکس لگانے کی تجویز مستردکردی۔

مزید خبریں :