18 جون ، 2025
ہونڈا کو گاڑیوں کے لیے جانا جاتا ہے مگر یہ جاپانی کمپنی غیر متوقع طور پر خلائی دوڑ کا حصہ بن گئی ہے۔
جی ہاں واقعی ہونڈا کی جانب سے بار بار استعمال ہونے کے قابل تجرباتی راکٹ کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ 17 جون کو شمالی جاپانی جزیرے Hokkaido میں اس تجرباتی راکٹ کی آزمائش کی گئی۔
کمپنی نے بتایا کہ راکٹ کا تجربہ مکمل طور پر کامیاب رہا اور راکٹ ایک ہزار فٹ کی بلندی پر جاکر کامیابی سے واپس سطح پر لینڈ کرگیا۔
کمپنی کی جانب سے 2029 میں اولین خلائی پرواز کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 2021 میں جاپانی کمپنی نے کہا تھا کہ وہ خلائی ٹیکنالوجیز جیسے قابل استعمال راکٹس پر تحقیق کر رہی ہے مگر پھر اس نے خاموشی اختیار کرلی اور راکٹ کی آزمائش سے قبل اس بارے میں کبھی کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
کمپنی کے مطابق ہونڈا کی جانب سے قابل استعمال راکٹس کی تیاری کے لیے کمپنی کی ان ٹیکنالوجیز کو استعمال کیا گیا جن کا تجربہ خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والے سسٹمز کی تیاری کے دوران کیا گیا تھا۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ کمپنی نے ٹیکنالوجی کے کمرشل استعمال کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، مگر ایسا ممکن ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو مستقبل میں سیٹلائیٹس لانچ کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ آنے والے برسوں میں سیٹلائیٹ لانچ کرنے والے راکٹس کی طلب میں اضافے کا امکان ہے۔
ہونڈا کا یہ تجرباتی راکٹ 6.3 میٹر لمبا تھا جبکہ اس کا وزن 1312 کلوگرام تھا۔
خیال رہے کہ ابھی صرف اسپیس ایکس واحد کمپنی ہے جو قابل استعمال راکٹس استعمال کر رہی ہے۔
جاپانی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو Toshihiro Mibe نے بتایا کہ راکٹ کے ٹیک آف اور لینڈنگ کے ٹیسٹ کی کامیابی سے ہم مطمئن ہیں اور ہم نے قابل استعمال راکٹوں کی تیاری میں اہم پیشرفت کی ہے۔