19 جون ، 2025
میٹا کی جانب سے فیس بک میں ایک اہم تبدیلی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
میٹا کی جانب سے فیس بک میں ویڈیو شیئرنگ کے سسٹم کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
ابھی جب آپ کسی ویڈیو کو شیئر کرتے ہیں تو ریلز (مختصر ویڈیو) یا طویل ویڈیو کی شکل میں پوسٹ ہوتی ہے اور دونوں کا شیئرنگ ورک فلو مختلف ہے۔
میٹا کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ آنے والے مہینوں میں فیس بک پر تمام ویڈیوز ریلز کے طور پر شیئر ہوں گی۔
بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ فیس بک کا پلیٹ فارم بدستور ہر طرح کی ویڈیوز جیسے مختصر، طویل اور لائیو ویڈیوز کا ہب ہوگا۔
کمپنی کے مطابق بتدریج ہم پوری دنیا میں پروفائلز اور پیجز میں ویڈیوز کو ریلز میں بدل دیں گے۔
میٹا کی جانب سے فیس بک میں ریلز ویڈیوز کے دورانیے کی پابندی کو بھی ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
ابھی فیس بک میں ریلز ویڈیو کا دورانیہ 90 سیکنڈز تک محدود ہے۔
میٹا کی جانب سے ویڈیو ٹیب کا نام بھی تبدیل کرکے ریلز ٹیب کر دیا جائے گا۔
کمپنی نے بتایا کہ اس اپ ڈیٹ سے آپ کو سجیسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی گی جن کو آپ کی دلچسپیوں کو مدنظر رکھ کر سجیسٹ کیا جاتا ہے۔
فیس بک ویڈیوز کے لیے یہ تبدیلیاں اس وقت کی جا رہی ہیں جب کچھ عرصے قبل مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ وہ فیس بک کو ثقافتی طور پر زیادہ بااثر بنانا چاہتے ہیں۔