20 جون ، 2025
لنچ باکسز، پانی کی بوتلیں اور کچن میں موجود مصالحوں کے ڈبے، یہ چند وہ چیزیں ہیں جن کا استعمال ہم سالوں سے کررہے ہوتے ہیں بغیر یہ جانے کہ اس میں موجود بیکٹیریا کے سبب ہم بیمار پڑ سکتے ہیں۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ لوگوں کو جان لیوا ہیوی میٹل پوائزننگ کے خطرے کی وجہ سے برسوں تک ایک ہی دھاتی پانی کی بوتل استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
ایسا ہی ایک واقعہ تائیوان کے ایک شخص کے ساتھ پیش آیا جو 10 سال ایک ہی تھرماس استعمال کرنے کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ شخص 10 سال سے ایک ہی تھرماس استعمال کررہا تھا، اور عجیب بات یہ ہے کہ تھرماس میں زنگ لگنے کے باوجود وہ اسے ٹھیک سے صاف کیے بغیر ہی اس میں مشروبات پیتا رہا۔
ایک دن جب مذکورہ شخص کو صحت کے مسائل کا سامنا ہوا تو وہ اسپتال گیا جہاں اس کے بنیادی ٹیسٹ کیے گئے، ٹیسٹ میں معلوم ہوا کہ اس کا ہیموگلوبین لیول انتہائی کم ہے جب کہ گردے بھی ٹھیک سے کام نہیں کررہے۔
تاہم ڈاکٹرز ایک ہی تھرماس کو طویل عرصے تک استعمال کرنے سے جسم میں زہریلے مادے جمع ہونے کی تشخیص کی۔ ہیوی میٹل پوائزننگ کی تشخیص کے ایک سال بعد اس شخص کی نمونیا بگڑنے سے موت ہوگئی۔
ماہرین نے وضاحت کی کہ جب تھرماس کے مٹیریل میں Lead جیسی بھاری دھاتیں ہوں تو یہ زہریلے مادے کو خارج کرنے کے لیے گرم یا تیزابیت والے مشروبات کے ساتھ کیمیائی طور پر رد عمل دیتا ہے۔ بھاری دھاتیں جگر، گردوں، اعصابی نظام اور مدافعتی نظام کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں۔