Time 20 جون ، 2025
پاکستان

کامران ٹیسوری کی جانب سے دفتر کی چابیاں ساتھ لے جانے کا معاملہ، ترجمان گورنر ہاؤس کا بیان سامنے آگیا

کامران ٹیسوری کی جانب سے دفتر کی چابیاں ساتھ لے جانے کا معاملہ، ترجمان گورنر ہاؤس کا بیان سامنے آگیا
قائم مقام گورنر سندھ اویس قادر شاہ کو صورتحال سےمتعلق غلط فہمی ہوئی: ترجمان گورنر ہاؤس/ فائل فوٹو

کراچی: قائم مقام گورنر سندھ اویس قادر شاہ نے گورنر ہاؤس کی چابیاں ساتھ لے جانے پر کامران ٹیسوری کے خلاف عدالت رجوع کرلیا جس پر ترجمان گورنر ہاؤس کا بیان سامنے آگیا۔

اپنے بیان میں ترجمان گورنر ہاؤس نے  کہا کہ قائم مقام گورنر سندھ اویس قادر شاہ کو صورتحال سےمتعلق غلط فہمی ہوئی، اجلاس میں شرکت کیلئے سیکرٹری داخلہ، آئی جی، ڈی آئی جیز اور دیگر افسران کانفرنس روم میں تھے۔

ترجمان نے کہا کہ  قائم مقام گورنر کے لیے مخصوص دفتر  پیشگی طور  پر تیار تھا، اگر مرکزی دفتر استعمال کرنا مقصود تھا تو بروقت آگاہ کیا جاتا تو انتظام کردیا جاتا۔

ترجمان نے مزیدکہا کہ گورنر سندھ نے پرنسپل سیکرٹری کو 24 گھنٹوں میں واقعے کی انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس ہمیشہ عوام کے لیے کھلا ہے، اویس قادر شاہ بطور اسپیکر اور ذاتی حیثیت میں قابلِ احترام ہیں۔

واضح رہے کہ قائم مقام گورنر سندھ اویس شاہ نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ 2جون سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری بیرون ملک ہیں، جب سے قائم مقام گورنرکا چارج لیا ہےگورنر ہاؤس میں رسائی نہیں دی جارہی، قائم مقام گورنر سندھ کو دفتری امور سے روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے، عدالت سے فوری سماعت کی درخواست کی ہے اور سندھ ہائیکورٹ نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی۔

مزید خبریں :