20 جون ، 2025
ایک غریب یا متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے شخص کو کامیابی یا دولت پلیٹ میں سجی نہیں ملتی اس کیلئے سخت محنت ، آگے بڑھنے کی خواہش اور کچھ نیا کردکھانے کی لگن لازم ہے۔
اگر آپ بھی جلد از جلد امیر بننا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے کامیاب اور دولت مند افراد کی زندگی کا مطالعہ شروع کریں۔
عالمی سطح پرمقبول کتاب ’Rich Habits ‘ کے مصنف تھامس کورلی نے 5 سال تک امیر اور غریب افراد کی زندگیوں کا مطالعہ کیا، اس دوران تھامس نے کروڑ پتی افراد کی عادتوں کی ایک فہرست تیار کی۔
تو آئیے جانتے ہیں کہ وہ دلچسپ عادتیں کون سی ہیں جو آپ کو بھی دولت مند بناسکتی ہیں۔
نمبر 1 : 65 فیصد دولت مند افراد کم ازکم 3 ذرائع سے آمدنی حاصل کرتے ہیں کیوں کہ ان کا ماننا ہے کہ مختلف ذرائع سے آمدنی انہیں مالی استحکام دیتی ہے، آپ بھی کسی ایک ذریعے سے ملی آمدنی پر انحصار کرنے کے بجائے آمدنی کے کئی ذرائع بنائیں۔
مثلاً نوکری کے ساتھ سائیڈ بزنس، رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری سے حاصل کرائے یا پھر اسٹاک مارکیٹ میں کی گئی سرمایہ کاری۔
نمبر 2: امیر لوگ ٹی وی نہیں دیکھتے، جی ہاں! تھامس کے مطالعے کے دوران صرف 6 فیصد کروڑ پتی لوگوں نے رئیلیٹی ٹی وی شوز دیکھنے کا اعتراف کیا ، اس کے برعکس زیادہ تر افراد اسکرین ٹائم کے بجائے تعلیمی مطالعے کو پسند کرتے نظر آئے۔
نمبر 3: روزانہ کم ازکم 30 منٹ پڑھیں، 88 فیصد دولت مند افراد کے مطابق وہ روزانہ 30 منٹ یا اس سے زیادہ وقت خود کو بہتر بنانے کی تعلیم کیلئے وقف کرتے ہیں۔
نمبر 4: کم ازکم 7 گھنٹے سوئیں اور کام پر جانے سے 3 گھنٹے پہلے اٹھ جائیں، دولت مند افراد رات کو بھرپور نیند لیتے اور صبح سویرے جلد اٹھ جاتے ہیں،89 فیصد کامیاب افراد کا کہنا ہے کہ وہ رات میں 7 یا اس زائد گھنٹے کی نیند لیتے ہیں اور 40 فیصد سے زائد افراد کام پر جانے سے 3 گھنٹے پہلے جاگ جاتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ اچھی غذا لیں کیوں کہ اچھی صحت سے زندگی کی معیاد بھی بڑھتی ہے، یعنی آپ زیادہ دولت کماسکتے ہیں، بھرپور ورزش کریں کیوں کہ 76 فیصد کروڑ پتی افراد دن میں آدھے گھنٹے یا اس سے زیادہ ورزش کرتے ہیں۔
نمبر 5 : خرچی کریں لیکن اپنی آمدنی سے کم، اپنے خوابوں کے حصول کیلئے اپنی آمدنی کا ایک خاص حصہ خرچ کریں اور بقیہ حصہ کامیابی کیلئے متعین کردہ اہداف کیلئے سنبھال لیں، بجٹ بنائیں اور بچت کے دانشمندانہ اصولوں کو اپنائیں۔
نمبر 6: امیر لوگ لاٹری ٹکٹ نہیں خریدتے، جوئے لاٹری کے چکروں میں اپنا پیسہ میز پر سجا کر مالی خطرات مول نہ لیں بلکہ اس پیسے کو سرمایہ کاری پر خرچ کریں۔
نمبر7: امیر اور کامیاب افراد کو دوست بنائیں کیوں کہ ایک انسان کی سماجی حیثیت اس کے قریبی دوستوں کی حیثیت کا عکاس ہوتی ہے، منفی اور بدحال لوگوں کے ساتھ وقت گزارنے سے گریز کریں، ساتھ ہی ایسے لوگوں کی مدد کریں جو پہلے سے ہی کامیابی کی تلاش میں ہوں۔