Time 21 جون ، 2025
دنیا

جب تک اسرائیلی حملے نہیں رکتے جوہری مذاکرات پر بات نہیں کریں گے: ایران کا دوٹوک اعلان

 
جب تک اسرائیلی حملے نہیں رکتے جوہری مذاکرات پر بات نہیں کریں گے: ایران کا دوٹوک اعلان
یورپی وزرائے خارجہ سے ملاقات کے بعد ایرانی وزیرخارجہ کی میڈیا سے گفتگو— فوٹو: ایرانی میڈیا

ایران نے اعلان کیا ہے کہ جب تک اسرائیلی حملے نہیں رکتے جوہری مذاکرات پر بات نہیں کریں گے۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے مذاکرات کیے۔

مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ بتایا کہ آج ان کی یورپی رہنماؤں سے سنجیدہ اور  باوقار  بات چیت ہوئی۔

 انہوں نے بتایا کہ وہ یورپی وزرائے خارجہ  سے بات چیت کے تسلسل کی حمایت کرتے ہیں، یورپی رہنماؤں سے مستقبل میں دوبارہ ملاقات کے لیے تیار ہیں۔

عباس عراقچی کا کہنا تھاکہ ایران ایک بار  پھر سفارت کاری پر  غور کرنے کے لیے تیار ہے لیکن واضح کر دیا کہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں پر کوئی بات نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو ایران کے شہری آبادی پرحملے روکنے چاہیے، جب تک اسرائیل کے حملے نہیں رکتے جوہری مذاکرات پر  بات چیت ممکن نہیں۔ 

برطانوی وزیرِ خارجہ نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران پر زور دیا کہ وہ امریکا کے ساتھ اپنی بات چیت جاری رکھے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں اس سفارتی اقدام سے مذاکرات کی راہ ہموار ہونی چاہیے۔

یاد رہے کہ اسرائیلی حملوں میں حمایت پر ایران نے امریکا سے جوہری مذاکرات پر بات چیت کے چھٹے دور میں شرکت سے صاف انکار کردیا تھا، جوہری مذاکرات پر بات چیت یہ چھٹا دور گزشتہ اتوار کو مسقط میں شیڈول تھا۔

اس کے بعد یورپی وزارئے خارجہ نے ایران سے مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید خبریں :