Time 21 جون ، 2025
پاکستان

ترک صدر سے اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کی ملاقات، خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

ترک صدر سے اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کی ملاقات، خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کا نیک تمناؤں کا پیغام ترک صدر کو پہنچایا گیا: دفتر خارجہ— فوٹو: ترک میڈیا

ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔

صدر اردوان نے ملاقات استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 51 ویں وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے بعد کی۔

ملاقات میں ترک وزیر خارجہ، قومی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ابراہیم قالن اور صدر کے خارجہ امور و سکیورٹی کے اعلیٰ مشیر بھی موجود تھے۔

دفترخارجہ کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کا نیک تمناؤں کا پیغام ترک صدر کو پہنچایا گیا۔ 

دفتر خارجہ نے بتایاکہ ملاقات میں پاکستان اور ترکیے کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور رہنماؤں نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیاگیا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت، دفاع کے حق کو تسلیم کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کشیدگی کم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار اور طیب اردوان نے عالمی برادری سے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئےمؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت فوری روکنے اور انسانی امداد کی فراہمی پر بھی زور دیا۔

اسحاق ڈار نے او آئی سی یوتھ فورم ایوارڈ ملنے پر ترک صدر کو مبارکباد بھی دی۔

مزید خبریں :