21 جون ، 2025
اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کا اپنے دفاع میں جوابی حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور ایرانی پاسدارن انقلاب نے تل ابیب کے بین گورین ائیر پورٹ اور صیہونی فوج کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سمیت کئی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب گارڈز نے سرکاری بیان میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے اسرائیل کی جانب میزائل داغے جن کا ہدف بین گورین ایئرپورٹ اور فوجی ہیڈکوارٹر تھے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق وعدہ صادق سوم آپریشن کے 18 ویں مرحلے میں اسرائیل کے خلاف شہید 136 نامی ڈرونز اور جدید میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں دعویٰ کیاکہ اسرائیل کے خلاف تازہ حملوں میں فوجی مراکز کو کامیابی سے تباہ کیا گیا، اسرائیلی جدید دفاعی نظام ایرانی ڈرونز کو روکنے میں ناکام رہا جس کے بعد اسرائیلی عوام پناہ گاہوں میں جانے پر مجبور ہوئی۔
ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے اسرائیل کے شہر دیمونا میں ایٹمی ری ایکٹر کو بھی کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے اسرائیلی دفاعی اور صنعتی تنصیبات پر حملوں کا سلسلہ مزید بڑھایا جائے گا اور صیہونی حکومت کے خلاف یہ کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے وقفے وقفے سے ایران پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیل نے آج صبح بھی اصفہان میں نیوکلیئر سائٹ کونشانہ بنایا۔