Time 22 جون ، 2025
دنیا

جوہری تنصیبات پر امریکی حملے پر ایران کا ردعمل سامنے آگیا

جوہری تنصیبات پر امریکی حملے پر ایران کا ردعمل سامنے آگیا
عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا آج صبح کے واقعات نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہیں اور ان کے دیرپا نتائج ہوں گے—فوٹو: اے ایف پی/فائل

امریکی طیاروں کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد ایران کا ردعمل آگیا۔

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ  امریکا نے ایران کی پُرامن جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے اقوامِ متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور این پی ٹی (NPT) کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ آج صبح کے واقعات نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہیں اور ان کے دیرپا نتائج ہوں گے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کے ہر رکن کو اس انتہائی خطرناک، غیر قانونی اور مجرمانہ طرزِ عمل پر تشویش میں مبتلا ہونا چاہیے، اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے تحت ایران اپنی خودمختاری، مفادات اور عوام کے دفاع کے لیے تمام آپشنز محفوظ رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے حملے سے متعلق کہا تھا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے اسرائیل سے مکمل رابطےکے ساتھ کیےگئے۔

واضح رہے کہ اتوار کی صبح امریکا نے ایران کی فردو، نطنز اور اصفہان جوہری سائٹس کو نشانہ بنایا جس سے متعلق ٹرمپ نے سوشل میڈیا سائٹ ٹرتھ سوشل پر بیان جاری کیا۔

اس کے علاوہ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی حملے سے قبل ہی جوہری تنصیات کو خالی کرالیا گیا تھا۔

مزید خبریں :