Time 22 جون ، 2025
دنیا

اسرائیل پر ایرانی حملے میں پہلی بار تھرڈ جنریشن خیبر شکن میزائلوں کا استعمال

اسرائیل پر ایرانی حملے میں پہلی بار تھرڈ جنریشن خیبر شکن میزائلوں کا  استعمال
پاسداران انقلاب کے مطابق میزائل مہلک ترین اور فضاؤں میں ہدف تک چکمہ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے—فوٹو: فائل

تہران:  اسرائیل پر ایران کی جانب سے کیے جانے والے حملے میں تھرڈجنریشن خیبرشکن میزائل استعمال کیے گئے ہیں۔

پاسداران انقلاب کے مطابق یہ میزائل مہلک ترین اور فضاؤں میں ہدف تک چکمہ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پاسداران انقلاب  کا بتانا ہے کہ اس حملے میں میزائل پہلے گرے، سائرن بعد میں بجے، ابھی مزید خطرناک میزائل استعمال ہونا باقی ہیں، اسرائیل پر 40 میزائل داغے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اتوار کی صبح اسرائیل پر حملے میں پہلی مرتبہ خیبر شکن میزائل استعمال کیے۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خیبر شکن میزائل 4 ٹن 500کلو گرام وزنی اورساڑھے10 میٹر لمبا ہے، اس میزائل کا قطر 80 سینٹی میٹر، وارہیڈ کا وزن 500 کلوگرام ہے، ٹھوس ایندھن سے چلنے والا خیبر شکن میزائل 1 ہزار 450 کلو میٹر تک مار کرسکتا ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق ایرانی میزائل حملے میں کم از کم 86 اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں، جب کہ2 عمارتیں مکمل تباہ ہوئی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق حملوں میں تل ابیب اور حیفا سمیت متعدد اسرائیلی علاقوں میں عمارتوں کو براہ راست نشانہ بنایا گیا۔ ایران نے اسرائیل پر تازہ میزائل حملے میں 20 سے 40 بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا۔ اسرائیل کے 400 سے زائد شہروں، قصبوں اور علاقوں میں جنگی سائرن بجائے گئے۔

واضح رہے کہ اتوار کی صبح امریکا نے ایران کی فردو، نطنز اور اصفہان جوہری سائٹس کو نشانہ بنایا جس سے متعلق ٹرمپ نے سوشل میڈیا سائٹ ٹرتھ سوشل پر بیان جاری کیا۔

اس کے علاوہ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی حملے سے قبل ہی جوہری تنصیات کو خالی کرالیا گیا تھا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے10 مقامات پر ایرانی میزائل حملوں سے نقصانات ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :