22 جون ، 2025
عالمی شہرت یافتہ بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان تین سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں جس کا انکشاف انہوں نے خود کیا ہے۔
21 جون ہفتے کو آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر 'دی گریٹ انڈین کپل شو' کے تیسرے سیزن کی پہلی قسط نشر ہوئی جس میں سلمان خان بطور مہمان شریک ہوئے۔
دوران شو سلمان نے بتایا کہ ٹریجیمینل نیو رالجیا (trigeminal neuralgia)، برین اینیورزم (brain aneurysm) اور آرٹیریو وینس میلفارمیشن (AVM) جیسی مہلک بیماریوں سے لڑ رہے ہیں جس کے بعد ان کے مداح سخت تشویش میں مبتلا ہوگئے۔
59 سالہ اداکار نے بتایا کہ ہم ہر روز ہڈیاں توڑ رہے ہیں، پسلیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، ہم ٹریجیمینل نیورالجیا کے ساتھ کام کر رہے ہیں، دماغ میں اینیورزم ہے، AV میلفارمیشن بھی ہے لیکن پھر بھی ہم چل رہے ہیں اور کام کر رہے ہیں۔
سپر اسٹار کے اس انکشاف کے بعد پروگرام میں موجود مداح اور میزبان کپل شرما بھی اس غیر متوقع انکشاف پر حیران رہ گئے۔
*ٹریجیمینل نیورالجیا چہرے کی ایک ایسی تکلیف دہ بیماری ہے جس میں چہرے کی نسوں میں شدید بجلی کے جھٹکوں جیسا درد ہوتا ہے۔
*برین اینیورزم دماغ کی رگ میں ایک کمزور جگہ ہوتی ہے جو پھول جاتی ہے، اگر یہ پھٹ جائے تو جان لیوا فالج یا موت کا سبب بن سکتی ہے۔
*AV میلفارمیشن (Arteriovenous Malformation) دماغ یا ریڑھ کی ہڈی میں خون کی رگوں کا غیر معمولی جُڑاؤ، جو اکثر خاموشی سے بڑھتا ہے اور اچانک خون بہنے یا دوروں کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔