22 جون ، 2025
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ سفارتی عمل کو آگے بڑھانا چاہتا ہے، امریکا کی ایران کے ساتھ نہیں بلکہ ایران کے جوہری پروگرام کے ساتھ جنگ ہے۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایران کا جوہری پروگرام تباہ کردیا ہے اور اب آنے والے سالوں میں ایران کے جوہری پروگرام کے مکمل خاتمے کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران جوابی حملہ کرتا ہے تو امریکا اس کے لیے تیار ہے، ایران میں زمینی فوج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران میں زمینی افواج اُتارنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
جے ڈی وینس کا مزید کہنا تھاکہ صدر ٹرمپ نے ایران کو بات چیت اور تعلقات بحال کرنے کا موقع دیا اور امریکا کو ایران کی طرف سے بالواسطہ پیغامات بھی ملے تھے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایران میں حکومت کی تبدیلی نہیں چاہتا، ایران سےطویل المدتی مفاہمت پربات چیت کرناچاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا نے آج ایران کے 3 نیو کلیئر سائٹس پر بنکر بسٹر بموں سمیت ٹاماہاک میزائلوں سے حملہ کیا اور ان حملوں کے بعد امریکا کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایران کا جوہری پروگرام تباہ کردیا ہے۔
دوسری جانب ایران نے جوہری سائٹس کی مکمل تباہی کی تاحال تصدیق نہیں کی ہے، اس حوالے سے ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی حملے سے قبل ہی جوہری تنصیات کو خالی کرالیا گیا تھا۔