23 جون ، 2025
روس کا کہنا ہےکہ ایران کو ہم سےکیسی مدد درکار ہے اس کا فیصلہ خود ایران کو کرنا ہے۔
روسی خبر ایجنسی کے مطابق روسی صدارتی دفترکریملن کے ترجمان نے میڈیا سےگفتگو میں کہا کہ روس ایران کی مددکے لیے مختلف اقدامات کرسکتا ہے، تاہم اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ تہران واضح کرےکہ فی الحال کس قسم کی مدد چاہیے۔
اس سوال پر کہ روس ایران کو ایس 300 اور ایس 400 فضائی دفاعی نظام سمیت دیگر اسلحہ فراہم کرےگا؟ تو کریملن کے ترجمان نےکہا کہ سب کچھ اس پر منحصر ہےکہ ہمارے ایرانی دوست کیا چاہتے ہیں، ہم نے ثالثی کی پیشکش بھی کی ہے اور ہم نے اپنا مؤقف واضح کیا ہے جو کہ ایران کی حمایت پر مبنی ہے، مستقبل میں ایران کی ضرورت کے مطابق فیصلہ کیا جائےگا۔
کریملن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ روس امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، امریکا کے ایران پر حملوں نے تنازع میں شامل فریقین کی تعداد بڑھا دی ہے، ایران پر حملوں نے کشیدگی کے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا ہے، امریکی حملوں کے بعد ایران کی جوہری تنصیبات کی صورتحال اور تابکاری سے متعلق حالات کا تعین ابھی باقی ہے، حملوں کے بعد زمینی صورتحال یقیناً تشویش کا باعث ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کسی ملک کی قیادت کا فیصلہ کرنا کسی تیسرےملک کا نہیں بلکہ اس ملک کے عوام کا حق ہے۔
خیال رہے کہ ایس 400 روس کا تیار کردہ فضائی دفاعی نظام ہے، ایس 400 ایک ہی وقت میں 300 ٹارگٹ کو ٹریس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایک ہی حملے میں 36 ٹارگٹ کو تباہ کر سکتا ہے یا انہیں انگیج کرسکتا ہے۔ایس 400 ائیر کرافٹ، کروز میزائل، بیلسٹک میزائل اور ان ڈرونز کو نشانہ بناسکتا ہے، یہ دفاعی نظام 4.8 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے دوڑنے والےکسی بھی قسم کے میزائل کو تباہ کرسکتا ہے۔