کھیل

پاکستان والی بال ٹیم نے قطر کو ہرا کر اے وی سی نیشنزکپ کے فائنل میں جگہ بنالی

پاکستان والی بال ٹیم نے قطر کو ہرا کر اے وی سی نیشنزکپ کے فائنل میں جگہ بنالی
فوٹو: جیو نیوز

پاکستان والی بال ٹیم نے قطر کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے اے وی سی نیشنز کپ 2025 کے فائنل میں جگہ بنالی۔

بحرین کے شہر ماناما میں جاری ایونٹ کے سیمی فائنل میں عالمی نمبر 42 پاکستان کا عالمی نمبر 23 قطر کے خلاف جیت کا اسکور 25-22، 25-22، 25-21 رہا۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے گزشتہ سال اے وی سی چیلنج کپ کے فائنل میں قطر سے ہار کا بدلہ لے لیا۔

پاکستان نے قطر کے خلاف مجموعی مجموعی اسکور 75-65 کے ساتھ مکمل برتری بنائے رکھی۔ پاکستان نے اٹیک پوائنٹس میں47-41 اور بلاکس 7-5 کی برتری رکھی۔ قطر نے سروس میں دو  ایک کی سبقت رکھی لیکن پاکستان کے مضبوط اور نپے تلے کھیل نے حریف کو 20 غلطیاں کرنے پر مجبور کیا۔

عثمان فرید علی نے 18 پوائنٹس کے ساتھ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ کپتان مراد جہان نے 16 پوائنٹس اور مراد خان نے 7 پوائنٹس جوڑے ۔ فہد رضا کی پلے میکنگ سے 5 پوائنٹس جبکہ مصور نے 4 پوائنٹس اکٹھے کیے۔

پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے کہا کہ یہ فتح ثابت کرتی ہے کہ رینکنگ ہی سب کچھ نہیں ہوتی۔ ہمارے کھلاڑیوں نے ایشیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک کے خلاف بہترین جذبہ اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔

ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کل اپنا پہلا اے وی سی نیشنز کپ ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرےگی۔

مزید خبریں :