Time 23 جون ، 2025
دنیا

ایران کا قطر میں امریکی فوجی اڈے پربیلسٹک میزائلوں سے حملہ

ایران نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر بیلسٹک میزائل فائر کردیے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ایران کی جانب سے قطر کی جانب 6 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔

قطری وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قطر نے پیشگی سکیورٹی اقدامات کے طور پر امریکا کے العديد فوجی اڈے کو خالی کرادیا تھا۔

قطر کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے امریکی العدید ائیر بیس کی جانب فائر کیا گیا ایک میزائل تباہ کردیا ہے۔

قطر کی جانب سے امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قطر اس حملے کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

قطر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ امریکی اڈے پر ایرانی میزائل حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

خیال رہےکہ قطر میں امریکی العدید ائیربیس مشرق وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ موجود ہے۔

عراق میں امریکا کی عین السد ائیر بیس پر فضائی دفاعی نظام فعال کردیا گیا، جبکہ وہاں موجود اہلکاروں کو بھی بنکروں میں جانے کی ہدایت کی گئی۔

تاہم امریکی فوجی حکام نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ قطر کے علاوہ کہیں بھی امریکی اڈوں پر حملے کی اطلاعات نہیں ہیں۔

ایرانی خبررساں ایجنسی تسنیم کے مطابق امریکی اڈوں پر ایرانی حملوں کو ’آپریشن بشارت فتح‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ایرانی سکیورٹی حکام کی جانب سے کہا گیا ہےکہ قطر میں امریکی ائیربیس پرحملےمیں اتنے ہی بم استعمال کیے جتنےامریکا نے ایرانی جوہری تنصیبات پر کیے تھے۔

حکام نے مزید کہا کہ قطر میں امریکی ائیربیس رہائشی علاقے اور شہری سہولتوں سے دور واقع ہے، ایرانی حملے سےہمارے دوست اور برادر پڑوسی ملک قطرکوکوئی خطرہ نہیں۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران نے حملوں سے قبل قطر کو آگاہ کردیا تھا تاکہ جانی نقصانات کا خطرہ کم کیا جاسکے۔

مزید خبریں :