25 جون ، 2025
ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد متاثرہ ممالک ایران، عراق اور اسرائیل سمیت خطے کی تمام فضائی حدود کھول دی گئی ہیں تاہم فلائٹ آپریشن مکمل بحال نہیں ہو سکا۔
جنگ بندی معاہدے کے بعد ایرانی فضائی حدود مشروط طور پر کھولی گئی ہے جس کیلئے تہران سے بین الاقوامی آمد اور روانگی کی پروازوں کو حکومت سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔
فضائی حدود کھلنے کے بعد تہران سے مہان ائیر کی نئی دہلی کے لیے پہلی پرواز ڈبلیو 571 شام ساڑھے 6 بجے روانہ کی گئی۔
رات گئے تک ایران کے امام خمینی ائیرپورٹ تہران، تبریز، شیراز مشہد یا کسی اور ائیرپورٹ سے فلائٹ آپریشن بحال نہیں ہو سکا۔ ایرانی طیاروں کی آمد اور روانگی کا سلسلہ بدھ سے شروع ہونے کی امید ہے۔ ایران کے ان ائیرپورٹس پر امارات اور ترکش ائیر لائن کے 12 دن سے پھنسے طیاروں کی روانگی بھی بدھ سے متوقع ہے۔
عراق کے سرحدی شہر بصرہ سے پروازیں پہلے ہی اڑان بھر رہی تھیں جو ٹیک آف کے فوری بعد پڑوسی ممالک کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے آپریشن برقرار رکھے ہوئے تھیں۔
اب ان پروازوں نے اپنے ملک عراق کی فضائی حدود سے گزرنا شروع کر دیا ہے۔
اسی طرح عراق کے سب سے بڑے ائیرپورٹ بغداد سے فلائٹ آپریشن رات گئے تک شروع نہیں ہو سکا تھا۔
اسرائیل کی فضائی حدود کھلتے ہی تل ابیب ائیرپورٹ سے پروازوں کی جزوی آمد روانگی شروع ہوگئی تاہم مختلف غیر ملکی ائیر لائنز نے تل ابیب ائیرپورٹ کیلئے اپنا فلائٹ آپریشن تاحال بحال نہیں کیا اور ائیرپورٹ کی درجنوں پروازیں منسوخ ظاہر ہو رہی ہیں۔
خطے میں صورتحال بہتر ہونے کے باوجود شام کے دمشق ائیرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن بحال نہیں ہو سکا۔
لبنان کے بیروت ائیرپورٹ سے بھی پروازوں کی آمد روانگی کی معمول کی بحالی نہیں ہو سکی۔
کئی گھنٹے کی بندش کے بعد منگل کی صبح فضائی حدود کھلنے کے باوجود قطر کے دوحہ ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معمول پر نہیں آ سکا۔ خاص طور پر قطر کی سرکاری ائیر لائن کی درجنوں پروازیں منسوخ ظاہر ہو رہی ہیں۔
دوحہ ایئرپورٹ پر نصف شب کو پروازوں کی آمد کی اوسط تاخیر 5 منٹ اور پروازوں کی روانگی میں اوسط تاخیر 60 منٹ رپورٹ ہورہی تھی۔
ادھر بحرین ائیرپورٹ کا فلائٹ آپریشن معمول پر آگیا ہےجبکہ کویت ائیرپورٹ پر بھی پروازوں کی آمد، روانگی معمول پر ہے۔ روانگی کی تاخیر 19 جبکہ آمد میں 12 منٹ کی تاخیر رپورٹ ہوئی۔
دوسری جانب دبئی ائیرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن نارمل ہو گیا ہے۔ پروازوں کی آمد میں اوسط تاخیر 5 منٹ جبکہ روانگی میں 22 منٹ رپورٹ کی گئی ہے۔