24 جون ، 2025
ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ اور خلیجی ممالک پر میزائل حملوں سے بند کی جانے والی فضائی حدود کو جنگ بندی کے بعد کھول دیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام کا کہنا ہے کہ یو اے ای کی فضائی حدود مکمل بحال ہے تاہم مختلف ائیرپورٹس پر فلائٹس شیڈول متاثرہوا ہے۔
اماراتی حکام کے مطابق علاقائی صورتحال کی وجہ سے فلائٹ شیڈول متاثرہو رہا ہے، فضائی حدود میں پروازوں کے رش کی وجہ سےفلائٹس شیڈول میں ردوبدل کرنا پڑا تاہم اماراتی ایوی ایشن ٹیمیں شیڈول برقرار رکھنےکیلئے کوشاں ہیں۔
اماراتی ائیر لائن نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ منسوخ پروازوں سے متاثرہ مسافردوبارہ بکنگ کراسکتے ہیں جب کہ مسافرا ئیرپورٹ جانے سے پہلے فلائٹ شیڈول چیک کریں۔
اس کے علاوہ قطر نے بھی گزشتہ روز بند کی جانے والی فضائی حدود کو دوبارہ کھول دیا ہے جب کہ اسرائیل کی طرف سے بھی بند کی گئی فضائی حدود کھول دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ منگل کی علی الصبح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا جس کی تصدیق ایران حکام اور اسرائیلی وزیراعظم نے بھی کی ہے۔
پاکستان وقت کے مطابق ایران نے صبح 9 بجے سے جنگ بندی پر عملدرآمد شروع کردیا گیا اور اسرائیل نے بھی اپنی فضائی حدود کھول دی ہے۔
اس کے علاوہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے فریقین سے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔