Time 25 جون ، 2025
دنیا

ایران نے بہادری سے جنگ لڑی، اگلے ہفتے ایران سے بات ہوگی، معاہدہ بھی ہوسکتا ہے: ٹرمپ

ایران نے بہادری سے جنگ لڑی، اگلے ہفتے ایران سے بات ہوگی، معاہدہ بھی ہوسکتا ہے: ٹرمپ
فوٹو: رائٹرز

دی ہیگ:  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے بہادری سے جنگ لڑی ہے، ایران اور اسرائیل کے درمیان دوبارہ جنگ کا امکان نہیں۔

نیٹو سمٹ کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ  ایران اسرائیل تنازع اب ختم ہوچکا ہے، اب دونوں تھک چکے ہیں، دونوں جنگ کے خاتمے سے بہت مطمئن ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی جوہری تنصیبات کی تباہی کےجائزے میں صرف اسرائیلی انٹیلی جنس پر انحصار نہیں کر رہے، ایران کے خلاف دباؤ کی پالیسی جاری رکھیں گے۔

امریکی صدر کے مطابق ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے بہت کامیاب رہے، ایران کی جوہری تنصیبات اب فعال نہیں رہیں، عالمی جوہری توانائی ایجنسی کا بھی کہنا ہے کہ ایرانی تنصیبات کو بہت نقصان ہوا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نےایران پر بہت تیزی سےحملہ کیاتھا، جوہری مواد منتقل کرنےکا وقت نہیں ملا تھا۔

امریکی صدر نے کہا کہ جیسے ہیروشیما اور ناگا ساکی پر حملے سے جنگ رکی ایسا ہی ایران پر حملے سے ہوا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگلے ہفتے ایران سے بات ہوگی، معاہدے پر دستخط بھی ہوسکتے ہیں۔

ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ میرے لیے معاہدہ ضروری نہیں، انہوں نے جنگ لڑ لی، اب واپس اپنی دنیا میں جا رہے ہیں، مجھے فرق نہیں پڑتا کہ معاہدہ ہو یا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایران کو  جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روک دیا ہے، دوبارہ دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ امریکا اپنے دشمنوں کو روکنے کی طاقت رکھتا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران تیل بیچنا چاہتا تو بیچے، چین اگر چاہے تو ایران سے تیل خرید سکتا ہے، ایران کو اپنی معیشت سنبھالنے کے لیے پیسے کی ضرورت ہوگی۔


مزید خبریں :