Time 26 جون ، 2025
پاکستان

ایران اسرائیل جنگ بندی میں پاکستان نے انتہائی مؤثر کردار ادا کیا: وزیراعظم

ایران اسرائیل جنگ بندی میں پاکستان نے انتہائی مؤثر کردار ادا کیا: وزیراعظم
ایرانی قوم نے بڑی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا، ایران نے اسرائیل کو اپنے دفاع میں بھرپور جواب دیا: شہباز شریف/ اسکرین گریب

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل جنگ بندی میں پاکستان نے انتہائی مؤثر کردار ادا کیا اور مستقل انداز میں ایران کی حمایت کی۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ کے اوپر بہت محنت کی گئی اس پر وزیرخزانہ کا شکریہ اد اکرتا ہوں، نائب وزیر اعظم، حلیف جماعتوں کی بجٹ میں کاوشیں قابل ستائش ہیں، اس حوالے سے صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا بھی شکرگزار ہوں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھرپور اور مستقل انداز میں ایران کی حمایت کی، ایران نے صدر آصف زرداری، میرا اور فیلڈ مارشل کا نام لے کر شکریہ ادا کیا۔ 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم نے بڑی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا، ایران نے اسرائیل کو اپنے دفاع میں بھرپور جواب دیا اور ایران نے کہا کہ بڑے باوقار طریقے سےجنگ بند ہوگی، پاکستان نے اس جنگ بندی میں انتہائی مؤثر کردار ادا کیا، میری سعودی ولی عہد اور ایرانی صدر سے بھی بات ہوئی، سعودی عرب نے جنگ بندی میں کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ امریکی صدر  سے ملاقات کے بعد آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی استنبول میں ایرانی وزیرِخارجہ سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے فیلڈ مارشل کی کھلے دل سے تعریف کی اور صدر ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔


مزید خبریں :