Time 26 جون ، 2025
پاکستان

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آج سے 29 جون تک شدید بارش کا امکان ہے—فوٹو: فائل

ملک کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، پنجاب میں بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔

 ضلع قصور کی تحصیل چونیاں میں بارش کے دوران افسوسناک واقعہ پیش  آیا جہاں چھت گرنےسے 2 بچیوں کی اموات ہوئیں جبکہ بہاولنگر میں بھی کچے مکان کی چھت گرنے سے 4 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

ہواؤں اور موسلا دھار بارش سے اکثر علاقوں کے فیڈرز ٹرپ کرگئےجس کی وجہ سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی، نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے۔

لاہور  میں بھی تیز بارش ہوئی جہاں سب سے زیادہ نشتر ٹاؤن میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، تیز بارش سےکئی علاقوں میں بجلی کے فیڈر  ٹرپ کرگئے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم اربوں روپے کی لاگت سے بننے والی اسلام آباد ہائی کورٹ کی عمارت کی تعمیر 2 سال بعد ہی بارش میں ٹپکنے لگی۔

خیبرپختونخواکے ضلع مردان، شمالی وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جنوبی وزیرستان میں گزشتہ روز کی طوفانی بارش سے جامع مسجد کی چھت گر گئی، کچھ گھروں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آج سے 29 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کا الرٹ: ممکنہ سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ

دوسری جانب  نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، سجاول، جامشورو، نوابشاہ اور لاڑکانہ میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیاگیا ہے۔

این ڈی ایم اے کےمطابق 26 تا 28جون کے دوران اسلام آباد، فیصل آباد، سرگودھا اور میانوالی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار  بارش کا امکان ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں لینڈسلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا ہے، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں شدید بارش اور  سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

اسی کے ساتھ ساتھ مظفرآباد، نیلم ویلی،  راولا کوٹ، حویلی، ہٹیاں بالا میں بھی طوفانی بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے اور  دیگر متعلقہ اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں رہنے والے حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی حکام سے رابطہ کریں۔

مزید خبریں :