16 مارچ ، 2013
کراچی … نیب نے پورٹ قاسم کو بنڈل اور بڈو جزائر پر حتمی معاہدے سے روک دیا۔ نیب کی جانب سے جاری ایک اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ پورٹ قاسم " تجاویز کی درخواست" کے برخلاف پورٹ قاسم جزائر کے حوالے سے کسی حتمی معاہدے سے گریز کرے، ابتدائی بات چیت کی مکمل تفصیلات سے نیب سندھ کو آگاہ کیا جائے جبکہ ماہرین کی کمیٹی بنا کر بات چیت کی تفصیلات کا جائزہ لیا جائے۔ دوسری طرف چیئرمین بحریہ ٹاوٴن ملک ریاض نے پیش کش کی ہے کہ اربوں ڈالر سرمایا کاری کے منصوبے کا جسے جائزہ لینا ہے لے۔ ملک ریاض نے بتایا کہ کوئی اور ادارہ بھی ابتدائی معاملات کی چھان بین چاہے تو بحریہ ٹاوٴن اس کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 30 سے 35 ارب ڈالر منصوبے کی شفافیت یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ ملک ریاض کے مطابق بحریہ ٹاوٴن کے خصوصی نمائندے نے نیب کو ابتدائی بات چیت کی تفصیلات جمع کرادیں۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیااور دبئی سمیت مختلف جگہوں پر تعمیرات کے باعث ترقی ہوئی لہٰذا ان کی کوشش ہے کہ پاکستان میں بھی ترقی کا انقلاب آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی لینڈ سٹی میں ماہی گیروں کیلئے جیٹی بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔