16 مارچ ، 2013
اسلام آباد … نگراں وزیراعظم کتنا طاقتور ہوتا ہے اور کتنے اختیارات کا مالک اور کب تک اپنے عہدے پر رہ سکتاہے، 1973 کے آئین پاکستان کے تحت نگراں وزیراعظم اور اس کی کابینہ 60 یا 90 دن کیلئے رہ سکتی ہے، اگر اسمبلی اپنی مدت مکمل نہ کرے تو 90 دن اور اگر مدت مکمل کرکے ختم ہو تو 60 دن ۔ الیکشن کے بعد سرکاری نتائج کا اعلان ہو جائے تو نئی قومی اسمبلی کے پہلے یا دوسرے اجلاس میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے بعد اقتدار نئی حکومت کو منتقل کیا تو اپنا اقتدار ختم۔ آئینی ماہرین کے مطابق نگراں وزیراعظم کا بنیادی فرض غیرجانبدارانہ، آزادانہ اور شفاف انتخابات کا بروقت انعقاد ہے۔ نگراں وزیراعظم کو رولز آف بزنس کے تحت وہی اختیارات حاصل ہوتے ہیں جو ایک منتخب وزیراعظم کو تاہم نگراں وزیراعظم اپنی کم سے کم حجم کی کابینہ بنانے اور صرف 4 مشیروں کے تقرر کا پابند ہے۔ نگراں وزیراعظم کابینہ کا اجلاس بلاکر امن و امان سمیت ملکی امور سے متعلق فیصلے کرسکتا ہے جس پر حکومتی مشینری عمل درآمد کی پابند ہے۔ چاروں صوبائی چیف سیکریٹریز اور دیگر وفاقی اداروں کے اعلیٰ حکام کو تبدیل کرسکتا ہے، تاہم وفاقی اداروں میں اہم تقرریوں اور تبادلوں کے معاملات پر الیکشن کمیشن کی گہری نظر ہوتی ہے۔