03 اپریل ، 2013
اسلام آباد … الیکشن کمیشن نے جعلی اور غیر مستند ڈگری والے 24 سابق ارکان کو 5 اپریل کو طلب کرلیا ، 189 سابق ارکان میں سے چوہدری نثار اور خورشید شاہ سمیت 25 افراد نے اسناد کی تصدیق کرالی ہے۔ الیکشن کمیشن نے جعلی اور غیر مستند ڈگری والے 27 سابق ارکان پارلیمنٹ کے کیسز نمٹادیئے تھے تاہم سپریم کورٹ کے حکم پر انہیں دوبارہ نوٹس بھجوائے گئے،3 ارکان انتقال کرچکے ہیں، جن 24 سابق ارکان اسمبلی کو 5 اپریل کو الیکشن کمیشن طلب کیا گیا ہے ان میں سابق ارکان قومی اسمبلی حاجی عمر گورگیج، سید امیر شاہ جاموٹ، دیوان عاشق حسین بخاری، سابق سینیٹر اسرار اللہ زہری، نوابزادہ محمد اکبر، گل محمد لاٹ، میر محبت خان مری اور ریحانہ یحییٰ بلوچ شامل ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے سابق ارکان شمائلہ رانا، شفیق احمد گجر، روبینہ عرفان ، سیمل کامران ،شبینہ خان، شجاعت احمد ، رانا اعجاز،وسیم افضل گوندل اورثمینہ خاور حیات کوبھی طلب کیاگیاہے۔ سندھ اسمبلی کے سابق ارکان غلام سرور سیال، مکیش کمار، پتمبر سہوانی، بشیر احمد خان اور میر نادر مگسی جبکہ بلوچستان کے طارق مگسی اور سینیٹ کے امیدوار ڈاکٹر اسرار حسین کو بھی بلایا گیا ہے۔ انتقال کرنیوالوں میں سینیٹر ولی محمد بادینی، خیبرپختونخوا کے ایم پی اے گلستان خان اور مولوی عبیداللہ شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ڈگریز کی تصدیق نہ کرانے والے 189 ارکان کی فہرست بھی ویب سائٹ پر جاری کردی ہے، تاہم ایچ ای سی ذرائع کے مطابق یہ تعداد اب 158 رہ گئی ہے، دیگر نے اپنی ڈگریوں کی تصدیق کرا لی ہے۔