06 مارچ ، 2012
اسلام آباد…وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ناموس رسالت سمیت تمام قوانین پر عملدرآمد ہو ناچاہیئے تاہم کسی کو قانون کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سابق وفاقی وزیر برائے اقلیتی امور شہباز بھٹی کی پہلی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شہباز بھٹی بین المذاہب ہم آہنگی ،مذہبی رواداری اور برداشت کے علمبردار تھے ،تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار نے سوال اٹھایا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں۔ان کا کہنا تھا کہ اکیسیویں آئینی ترمیم لا کر قائد اعظم کی اس تقریر کو آئین کا حصہ بنایا جائے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مذہب کا ریاست سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہاکہ اقلیتوں سے صدر، وزیراعظم اور چیف جسٹس کیوں نہیں بن سکتا؟برسی کی تقریب سے خطاب میں بشپ الیگزینڈر جان ملک نے کہا کہ تمام شہری برابر ہیں اور مذہب کا ریاست میں کوئی کام نہیں ہونا چاہیئے۔اس موقع پر ہندو ،سکھ ،پارسی ،بہائی اور مسیحی رہ نماوٴں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیت اور اکثریت کا پیمانہ مذہب کی بجائے امن اور دہشت گردی کو بنایا جائے کیو ں کہ امن پسند اکثریت میں جبکہ دہشت گرد اقلیت میں ہیں۔