Geo News
Geo News

پاکستان
01 جولائی ، 2013

وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنیوالوں کی واپسی کیلئے انتظامات شروع

وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنیوالوں کی واپسی کیلئے انتظامات شروع

پشاور…آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والے تیراہ کے آئی ڈی پیز کے لئے خوشخبری ہے کہ وہ جلد ہی اپنے علاقوں کو واپس جاسکیں گے۔ڈائریکٹر جنرل فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ارشد خان نے جیونیوز کوبتایا کہ خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں قیام امن کے بعد نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی واپسی کے لئے انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ارشد خان نے بتایا کہ تیراہ میں آپریشن کے باعث سترہ ہزار سے زیادہ خاندانوں نے نقل مکانی کی تھی۔جن کی واپسی کے لئے بین الاقومی اداروں کا وفد جلد تیراہ کا دورہ کرے گا اور وہاں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لے گا۔انہوں نے بتایا کہ وفداپنی رپورٹ یو این ٹاسک فورس کے پاس جمع کرائے گا جو متاثرین کی واپسی کا حتمی فیصلہ کرے گا۔جلوزئی اور توغ سرائے کیمپ میں مقیم آئی ڈی پیز کو رمضان کیلئے اشیاء خوردونوش پر مشتمل امدادی پیکیج دیا جائے گا۔چیف کوارڈی نیٹر پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی فیض محمد نے جیونیوز سے گفتگو میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے نوشہرہ کے جلوزئی کیمپ اور ہنگو کے توغ سرائے کیمپ میں مقیم متاثرین کیلئے غذائی اجناس بھیجی ہیں جو رمضان المبارک سے پہلے متاثرین میں تقسیم کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ غذائی اجناس کے 28ہزار پیکٹس جلوزئی اور توغ سرائے کیمپ میں مقیم تیرہ ہزار سے زیادہ خاندانوں میں تقسیم کیئے جائیں گے۔غذائی اجناس میں چاول ،گھی ،چائے ،چینی اور دالیں شامل ہیں۔

مزید خبریں :