06 اکتوبر ، 2013
کارلو…دنیائے اسنوکر میں پاکستان کی حکمرانی کا سلسلہ جاری ہے ،پاکستان نے آئرلینڈ میں ہونے والی ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ جیت کر ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ کا فائنل پاکستان اور ایران کے درمیان کھیلا گیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد سجاد اور محمد آصف جبکہ ایران کی جانب سے سہیل واحدی اور عامر سرکوش ایکشن میں تھے۔پاکستان کا آغاز تو اچھا نہ تھا اور ایران نے میچ کے آغاز کامیابی حاصل کرکے تین۔ صفر کی برتری حاصل کرلی۔ لیکن پھر پاکستانی کیوئسٹس نے کم بیک کیا۔ اور بھرپور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے پانچ فریمز جیت کر بازی تین کے مقابلے میں پانچ فریم سے اپنے نام کرلی۔اس ٹائٹل کے ساتھ پاکستان کے پاس اب بیک وقت اسنوکر کے تین بین الاقوامی ٹائٹلز آگئے ہیں۔ اس سے قبل محمد آصف نے آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ اور ایشین سکس ریڈ بالز چیمپئن شپ بھی اپنے نام کی اور ثابت کیا کہ پاکستان میں اسنوکر کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔