21 اکتوبر ، 2013
ہالی ووڈ…این جی ٹی …ہالی ووڈ کی کامیاب ترین جیک ریان سیریزکی پانچویں فلم ریلیز کیلئے تیار ہے ۔کرس پائن اور کیون کوسٹنر کی ایکشن تھرلر فلم ’جیک ریان:شیڈو ریکروٹ‘کا نیا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ٹام کلینسی کے ناول سے ماخوذ جیک ریان سلسلے کی یہ نئی فلم اس فرنچائز کی ریبوٹ ہے جو ناول کے بجائے حقیقی کہانی پر مبنی ہے۔ہدایتکار کینتھ برناگھ کی اس فلم کا اسکرین پلے ایڈم کوزیڈ اور ڈیوڈ کوئپ نے تحریر کیا ہے جس میں جہاں کرس پائن(جیک ریان سی آئی اے ایجنٹ )اور کیون کوسٹنر اُنکے ٹرینر(ولیم ہارپر)کا مرکزی کردار نبھارہے ہیں وہیں کیرا نائٹلی(کیتھی ریان)،ڈیوڈ پیمراور کینتھ برناگھ(ولن وکٹر شیریون)بھی اہم کرداروں میں موجود ہیں۔لورنزو ڈی بوناویچورا اور میس نیوفلڈ کی پروڈیوس کردہ اس فلم کی کہانی سی آئی اے ایجنٹ/تجزیہ کار جیک ریان کے گرد گھوم رہی ہے جوامریکی معیشت کو نقصان پہنچانے کیلئے بنائے گئے روسی تنظیم کے دہشت گرد منصوبے کی معلومات ملنے پر اُسے روکنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔80ملین ڈالر کے بجٹ سے بنائی گئی ایکشن اور تھرل سے بھرپور یہ فلم پیراماؤنٹ پکچرز کے تحت25دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔