کاروبار
01 نومبر ، 2013

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، ریلیف یا عوام کے ساتھ مذاق

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، ریلیف یا عوام کے ساتھ مذاق

کراچی…حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 48پیسے فی لیٹر،مٹی کے تیل میں 13پیسے اور ہائی اوکٹین کی قیمت میں 2روپے 67پیسے فی لیٹر کمی کو عوام نے سنگین مذاق قرار دیا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں کمی کی خبر سن کر سب ہی خوش تھے کہ شاید اس ماہ کچھ ریلیف مل سکے گا ۔ پھر قیمت میں کمی بھی ہوئی لیکن صرف 48پیسے۔ عوام نے سوچا کیا تھا اور ہو کیا گیا۔وزارت پیٹرولیم نے مہنگائی کی چکی میں پسی عوام پر جو نوازش کی ہے اور حاتم طائی کی قبر پر جو لات ماری ہے، وہ سیدھی جاکر لوگوں کی امیدوں پر لگی ہے۔ پاکستان کے باشعور عوام جانتے ہیں کہ بات جب پیسے بڑھانے کی ہوتی ہے تو وہ کتنے ہوتے ہیں اور قیمت جب کم کرنی ہو تو وہ پھر صرف آٹے میں نمک کے برابر ہی ہوتی ہے۔ اس بار بھی یہی تو ہوا، ایک سے دو اور دو سے چار بنانے والی وزارت پٹرولیم نے پٹرول پر آٹھ آنے بھی نہیں بلکہ صرف 48 پیسے کم کیے۔ مٹی کے تیل میں 13پیسے اور ہائی اوکٹین کی قیمت میں 2روپے 67پیسے کمی کردی ہے۔اب اونٹ میں زیرے کے برابر اس کمی پر عوام شور نہ مچائیں تو اور کیا کریں ۔

مزید خبریں :