Geo News
Geo News

پاکستان
22 نومبر ، 2013

شدت پسندی سے متاثرہ وادی سوات میں کیڈٹ کالج کا افتتاح

 شدت پسندی سے متاثرہ وادی سوات میں کیڈٹ کالج کا افتتاح

مینگورہ…شدت پسندی سے متاثرہ وادی سوات میں صوبائی حکومت اور پاک فوج کے اشتراک سے قائم شدہ کیڈٹ کالج کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے۔سوات کے خوبصورت علاقے گلی باغ میں کیڈٹ کالج کاا فتتاح خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ سول و فوجی حکام بھی موجود تھے۔ کیڈ ٹ کالج کے طلبہ نے شاندار پریڈ اورجمناسٹک کے مظاہروں سے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ طلبہ نے کیڈٹ کالج کے قیام پر حکومت اور پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہو کہا کہ یہاں تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ ملک و قوم کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہوں گے۔اُن کا کہناہے کہ یہ بہترین ادارہ ہے جہاں پر ذہنی اور جسمانی نشو و نما پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، سوات میں اس ادارے کا قیام ہماری خوش قسمتی ہے۔ کالج کے چیئرمین بورڈ اف گورنرز بریگیڈیئر زاہد حسین نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو یاد گاری شیلڈ پیش کیا۔اس موقع پر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کیڈٹ کالج سوات عوام کے لیے پاک فوج اور حکومت کا ایک خوبصورت تحفہ ہے۔ہم نے کالج کیلئے فوکل پرسن بھی مقرر کردیا ہے اور کالج کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔سوات کیڈٹ کالج کا تصور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اپریل 2010 میں پیش کیا تھا جبکہ کالج میں تعلیم کا باقاعدہ آغاز سال 2011 میں ہوا۔ کالج میں سوات اور ملاکنڈ کے طلبہ کیلئے 33 فیصد، خیبر پختونخوا کے لیے 33فیصد اور ملک کے دیگر علاقوں کے لیے 34 فیصد کوٹا رکھا گیا ہے۔کیڈٹ کالج سوات میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ یہ ادارہ سوات میں تعلیم کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔

مزید خبریں :