15 دسمبر ، 2013
کیپ ٹاؤن …عظیم جنوبی افریقی لیڈر نیلسن منڈیلا آخری رسومات جاری ہیں، عظیم لیڈر کو آج ان کے آبائی گاوٴں کونو میں سپردخاک کردیا جائے گا۔ منڈیلا کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے ساڑے چار ہزار مہمان شریک ہیں اور ان مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔مختلف فوجی دستے عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ادھر کیپ ٹاؤن کے گرینڈ پریڈ میں مادیبا کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔اس موقع پر نیلسن منڈیلا کو موسیقی کے ذ ریعے بھی خراج عقیدت پیش کیا جاتارہا۔اس سے قبل نیلسن منڈیلا کی میت کو سی ون طیارے میں جنگی طیاروں کی نگرانی میں پریٹوریا سے کونو منتقل کیا گیا۔جس کے بعد نیلسن منڈیلا کے تابوت کو پولیس اور ملٹری اہلکاروں کی سینکڑوں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے قافلے میں تدفین کی جگہ پہنچایا گیا۔اس قافلے کے راستے میں کھڑے ہزاروں افراد مادیبا کو سلام پیش کرتے رہے۔جنوبی افریقی لیڈر کی آخری رسومات پاکستانی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے شروع ہوگئیں جو دو گھنٹے تک جاری رہیں گی۔آبائی گاوں کونو میں ہونے والی ان رسومات میں مادیبا کے قبیلے زوسا کے سینکڑوں اراکین سمیت چار ہزار مہمان شریک ہیں ، جن میں افریقی ممالک کے صدور، متعدد وزرائے اعظم اور پرنس آف ویلز شامل ہیں۔