پاکستان
22 دسمبر ، 2013

مہنگائی کے خلاف 9 نکاتی ایجنڈا پیش کریں گے، عمران خان

مہنگائی کے خلاف 9 نکاتی ایجنڈا پیش کریں گے، عمران خان

لاہور…تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مہنگائی کیخلاف 9 نکاتی ایجنڈا پیش کریں گے، لاہور کے عوام بتائیں 11مئی کامیچ فکس تھا یا نہیں، ملک کی خاطرانتخابی نتائج کوتسلیم کیا۔ عمران خان تحریک انصاف کے زیر اہتمام مہنگائی کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ مہنگائی ابھی اوربڑھے گی،دھاندلی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں امن چاہتے ہیں،جب تک سیاست دان ملک میں پیسے نہ رکھیں، انہیں ووٹ نہ دیں،آج عوام کے گھروں کے چولہے بجھے ہوئے ہیں، ہم امریکا سے جنگ لڑنا نہیں چاہتے۔ امریکا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ڈرون حملے پاکستان کے مفاد میں نہیں، نوازشریف ڈرون حملوں کے خلاف اسٹینڈ لیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جب چیئرمین نیب وزیراعظم کے ماتحت ہوگا تواحتساب کیسے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا احتساب سیل وزیراعلیٰ کا بھی احتساب کرے گا، ہم نوٹ نہیں چھاپیں گے، گزشتہ حکومتوں نے نوٹ چھاپ کر حکومتیں چلائیں،30لاکھ ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں تو 300ارب روپے اکٹھے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا میں بجلی چوری ختم کرکے دکھاوٴں گا۔ عمران خان نے اعلان کیا کہ 6جنوری کو عمرکوٹ میں اور 24جنوری کو راولپنڈی میں مہنگائی کے خلاف ریلی نکالیں گے۔عمران خان کے ساتھ مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی میں تحریک انصاف کے رہنماوٴں کے علاوہ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن بھی موجود تھے۔

مزید خبریں :