پاکستان
14 جنوری ، 2014

حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان غیروں کی زبانی

حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان غیروں کی زبانی

کراچی…مسلمانوں کیلئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت ایک مثال ہے لیکن دیگرمذاہب کے لوگ بھی حضور کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان کو بیان کرتے ہیں۔ سرور کونین، رحمت العالمین، خاتم النبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت کو دیگر مذاہب کے لوگوں نے اپنے اپنے انداز میں بیان کیا، عالمی شہرت یافتہ مصنف مائیکل ہارٹ کی شہرہ آفاق کتاب میں 100اہم شخصیات میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو سب سے اہم درجہ دیا اور لکھا کہ عالم انسانیت میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت سب سے بہترین ہے۔ اسی طرح بھارت کی ممتاز رہنما سروجنی نائیڈو نے لکھا کہ جمہوریت کو اصل پہنچان دینے والا مذہب اسلام ہے جس میں عبادت کیلئے 5بار مساجد میں جمع ہونے والے یہ پیغام دیتے ہیں کہ یہ ہی اصل جمہوریت ہے اور اس میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور زندگی کو جو اثر ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انگریزی کے ممتاز ڈرامہ نگار جارج برناڈشا the-genuine-Islam میں لکھتے ہیں کہ میں نے محمد کے بارے میں بہت پڑھا اور میری ذاتی رائے میں ان کی جیسی شخصیت کوئی نہیں، وہ انسانیت کی بقا کے ضامن رہے، اگر ان کی تعلیمات پر عمل کیا جائے تو دنیا کے مسائل حل کر کے اسے خوشیوں اور امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔ برطانوی مصنف تھامس کیرل کا کہنا ہے کہ ایسا شخص جس نے ہمیشہ سچ بولا، جو کیا وہ درست تھا، وہی کہا جو سوچا تھا اور یہ صرف محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہی کر سکتے تھے۔بھارت کی آزادی کے رہنماموہن چند گاندھی کا کہنا تھا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے جو بھی کچھ کہا وہ عقل کے خزانوں کا درجہ رکھتا ہے اور یہ خزانے صرف مسلمانوں کیلئے نہیں تمام انسانیت کیلئے ہیں۔

مزید خبریں :