23 جنوری ، 2014
خوشاب …خوشاب کے حلقہ این اے 69 اور ہری پور میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 50 پر ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ عمل جاری ہے۔ضلع خوشاب میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں 3 لاکھ 37 ہزار 645 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ حلقے میں 298 پولنگ اسٹیشن اور 654 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ انتخاب کے دوران سیکیورٹی کیلئے 1500 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ یہ نشست سابق وفاقی وزیر سمیرا ملک کے جعلی ڈگری پر نااہل ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ انتخاب میں سمیر ا ملک کے صاحبزادے ملک عزیر خان اور پاکستا ن تحریک انصاف کے ملک عمر اسلم اعوان کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔اْدھرپی کے 50 ہری پور 2 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار376ہے جبکہ کل 116پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ یہ نشست پی ٹی آئی کیرکن صوبائی اسمبلی ایوب خان کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار اکبر ایوب خان، مسلم لیگ ن کے قاضی اسد، آزاد امیدوار بابرنواز خان اور پیپلز پارٹی کے حاجی طاہرقریشی نمایاں امیدوارہیں۔ پولنگ شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔