15 فروری ، 2014
لاہور…اداکارہ میرا کا گھر شاید ٹوٹتے ٹوٹتے پھر بچ گیا ہے۔سسرالی ناراض ہیں، بہو نہیں مانتے لیکن خاوند کا ساتھ قائم ہے، لیکن شاید اس اسٹوری میں ابھی کئی موڑ اور آئیں گے۔ میرا کے سسر اور کیپٹن نوید کے والد راجا پرویز کا کا کہنا ہے کہ میرا کو نہ کبھی اپنی بہو مانا، نہ مانتا ہوں، نہ کبھی مانوں گا۔جبکہ راجا صاحب کے فرزند کیپٹن نوید کہتے ہیں کہ میرا کے ساتھ تھا، ساتھ ہوں، ساتھ رہوں گا۔کہانی کچھ یوں ہے کہ راجا پرویز کے مطابق تین ماہ قبل ان کے بیٹے سے شادی کرنے والی اداکارہ میرا جمعرات کو جب کراچی سے نیویارک پہنچیں تو کیپٹن نوید انہیں لینے بھی نہ گئے۔ اور وہ اس لیے نہ گئے کیوں کہ نوید کے والدین نے کہا تھا کہ میرا کہ وجہ سے ان کے خاندان کی دنیا بھر میں بہت بدنامی ہوئی، اس لیے وہ میرا گھر نہ لائے اور اگر گھر لائے تو اپنے والدین سے ہمیشہ کے لیے لاتعلقی کرلے۔راجا پرویز کے مطابق کیپٹن نوید نے والدین کا فیصلہ مانا اور ائر پورٹ نہیں گئے۔ پھر میرا خود ایئرپورٹ سے نوید کے گھر پہنچ گئیں۔ جہاں نوید کی والدہ نے میرا کو گھر میں داخل نہ ہونے دیا۔ راجا پرویز کے مطابق پھر میرا واپس چلی گئیں۔راجا پرویز نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ میرا اور کیپٹن نوید کی علیحدگی ہو چکی ہے۔جب اس پورے معاملے پر میرا سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔ جو کوئی جو کچھ بھی کہہ رہا ہے، سب جھوٹ ہے۔ وہ امریکا میں موجود ہیں اور ایک ماہ تک رہیں گی۔ یہاں وہ اپنے اسپتال کی تعمیر کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے آئی ہیں، ساتھ ایک کمرشل کی شوٹنگ بھی ہے۔کیپٹن نوید نے بھی صاف کہہ دیا کہ کوئی علیحدگی نہیں ہوئی،میرا کو خود ایئرپورٹ سے لیا اور گھر آ کر فیملی ڈنر بھی کیا۔ادھر اپنے بیٹے کی بات سن کر بھی راجا پرویز اپنے موقف پر قائم رہے، صاف کہہ دیا کہ ان کا بیٹا جو بھی کہتا رہے، میرا کو بہو نہیں مانتے۔فی الحال تو میرا کا گھر نہیں ٹوٹا، لیکن سسرالی صاف کہتے ہیں کہ یہ گھر، وہ بسنے بھی نہ دیں گے۔ دیکھیں، اس کہانی میں اب نیا موڑ کیا آتا ہے۔