08 اپریل ، 2012
راولپنڈی … ترجمان پاک فوج میجر جنرل اطہر عباس نے کہا ہے کہ سیاچن حادثہ ایک غیر معمولی واقعہ ہے، وثوق سے نہیں کہا جاسکتا کتنے افراد نیچے زندہ ہوں گے، دوست ممالک سے تیکنیکی معاونت لینے کی کوشش کررہے ہیں، پوری قوم ملبے تلے دبے فوجی اہلکاروں اور شہریوں کیلئے دعا کرے۔ ترجمان پاک فوج نے جیو نیوز کے پروگرام لیکن میں ثناء بچہ سے گفتگر کرتے ہوئے کہا کہ ایک کمانڈنگ آفیسر سمیت دیگر اہل کار برفانی تودے میں دبے ہوئے ہیں جن میں سے 70 سے 80 فیصد کا تعلق شمالی علاقہ جات سے ہے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، پاک فوج کے انجنئیرز بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ میجر جنرل اطہر عباس نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ دوست ممالک سے تکنیکی معاونت لینے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم حکومت فیصلہ کرے گی کہ کس ملک سے مدد لینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاچن میں برفانی تودے معمول کی بات ہے لیکن اس نوعیت کا واقعہ پہلے کبھی نہیں ہوا سیاچن حادثہ ایک غیر معمولی واقعہ ہے، وثوق سے نہیں کہا جاسکتا کہ کتنے افراد ملبے کے نیچے زندہ ہوں گے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کوشش پوری کررہے ہیں، اہل کاروں کو زندہ نکالا جاسکے، پوری قوم پاک فوج کے اہل کاروں کیلئے دعا کرے۔