03 مئی ، 2014
ڈیرہ اسماعیل خان …ڈیرہ اسماعیل خان میں نجی شوگر مل کے زہریلے مواد سے 9 افراد کی ہلاکت پرعلاقہ مکینوں نے مل انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیااورتوڑ پھوڑ کی۔ جمعے کی شام گندم کی کٹائی کے بعد اپنے گھروں کو جانے والے مزدوروں میں شامل ایک خاتون اور بچی شوگر مل کے زہریلے مواد سے بھرا نالے عبور کرتے ہوئے گر پڑیں، جنہیں بچانے کیلئے نالے میں اترنے والے متعدد مزدور بھی ایک ایک کر کے بے ہوش ہوگئے۔ سانحے نے 9افراد کی جانیں لے لیں۔ رمک اور میرن کے علاقے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ کے بعدشہریوں نے شوگر مل کے سامنے احتجاج کیا اور مل کا مین گیٹ توڑ دیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔مظاہرین نے شوگر مل کے اندر داخل ہوکر ٹریکٹر اور بھوسے کو آگ لگادی۔ اسسٹنٹ کمشنر عرفان اللہ محسود کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے معاوضے کا اعلان کیا جائے گا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے شوگر مل کے جنرل منیجر سمیت 7افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔