پاکستان
05 مئی ، 2014

حامدمیرپرحملے کے بعدپیداشدہ صورتحال افسوسناک ہے، مفتی منیب/مفتی عثمانی

حامدمیرپرحملے کے بعدپیداشدہ صورتحال افسوسناک ہے، مفتی منیب/مفتی عثمانی

کراچی…ملک کے ممتاز اور جید علمائے کرام مفتی محمد رفیع عثمانی اور مفتی منیب الرحمان کا کہناہے کہ حامد میر پر قاتلانہ حملے کے بعد پیدا ہونے و الی صورتحال افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ اور جیو پر غداری کا الزام کسی طور پر مناسب نہیں، معاملہ افہام و تفہیم سے حل کیا جانا چاہیے۔ ممتاز اور جید علمائے کرام مفتی محمد رفیع عثمانی اور مفتی منیب الرحمن نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سینئر صحافی حامد میر پر قاتلانہ حملے کے بعد جنگ اور جیو کے ردعمل اور وازارت دفاع کے جوابی ردعمل سے پیدا ہونے والی صورتحال افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دفاعی اداروں کے سربراہان سے بھی غلطیاں ہوئیں اور انہوں نے بھی بعض اوقات اپنی حدود سے تجاوز کیا، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ سب اپنی اپنی غلطیوں سے سبق حاصل کریں۔ دونوں علمائے کرام نے کہا کہ الزام جب تک عدالتی سطح پر پایہٴ ثبوت تک نہ پہنچے، محض الزام ہی رہتاہے، ملزم مجرم نہیں قرار پاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی رائے میں جیو کی طرف سے رَدِّ عمل میں حدِّ اعتدال سے جوتجاوز ہوا اِس کی اُسے مناسب انداز میں تلافی کرنی چاہیے لیکن جوابی اقدام کے طور پر جنگ اور جیو پر جو ملک سے غداری کا الزام لگا ہے، وہ بھی مناسب نہیں، اسے بھی واپس لینا چاہئے اور اس معاملے کی حرارت کم کرکے مناسب فورم پرتفہّم وتفہیم سے حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کی ہے تو مناسب انداز میں اس کی سرزنش اور مواخذہ ہوناچاہیے۔ دونوں دینی رہنماوٴں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ حامد میر پر حملہ کرنے والوں کو بلاتاخیر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

مزید خبریں :