01 جون ، 2014
کراچی …پیمرا حکام اور کیبل آپریٹرز ، جیو کی بحالی کاعدالتی فیصلہ مسلسل نظر انداز کررہے ہیں، آج فیصلہ آئے چھ دن ہوگئے لیکن پیمرا کو توفیق نہیں ہوئی کہ کیبل آپریٹرز سے جیو کی نشریات کھلوا سکے، نہ ہی خود کیبل آپریٹرز عدالتی حکم کی پرواہ کررہے ہیں۔ ایک ہفتہ ہونے کو آیا، پیمرا کو ہوش نہ آیا، سپریم کورٹ نے گذشتہ پیر کوحکم جاری کیاتھا کہ کیبل آپریٹرز کا ازخود جیو کی نشریات بند کرنا غیر قانونی ہے اور نشریات کی بحالی کے لیے پیمرا اقدامات کرے، لیکن پیمرا کاکوئی عملی اقدام نظر آیا نہ گھروں میں ٹی وی اسکرین پر جیو کی نشریات دیکھنے کو ملیں۔ کیبل آپریٹرز کی من مانیوں اور دھونس کے سبب کیبل پر جیو کی نشریات بند ہوئے سوا ماہ سے زیادہ ہوگیا، کیبل آپریٹرز نے اپنے طورپر گذشتہ ماہ چوبیس اپریل سے جیو کی نشریات بند کررکھی ہیں اور عوام سے یہ حق چھین لیا ہے کہ وہ اپنا پسندیدہ چینل دیکھ سکیں، عوامی ٹھیکیدار بنے کیبل آپریٹرز یہ فیصلے کررہے ہیں کہ عوام نے کون سے چینل دیکھنے ہیں اور کونسے نہیں، یہ کیبل آپریٹرز ہی کی زبردستی ہے کہ جس کی وجہ سے عوام اپنے پسندیدہ نیٹ ورک کے چینلز نہ صرف دیکھنے سے محروم ہیں بلکہ جیو نیوز سے دوری کے باعث وہ اصل خبر تک پہنچنے سے بھی روکا جا رہا ہے۔ کیبل آپریٹرز کے ایسے ہی اقدام کے باعث جیو گروپ کو سوا ماہ میں نشریات کی بندش سے اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔