پاکستان
07 جون ، 2014

مظفر گڑھ :10 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا رشتے دار نکلا

مظفر گڑھ :10 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا رشتے دار نکلا

مظفرگڑھ......مظفرگڑھ میں حوا کی بیٹی پھر درندگی کا شکار ہوئی۔ زیادتی کے بعد 10 سالہ بچی کو گلا دبا کر قتل کرنے والا قریبی رشتہ دار نکلا۔ اہل خانہ نے احتجاج کیا اور انصاف کے لیے دہائی دی۔مظفرگڑھ میں درندہ صفت شخص نے 10 اور 3 سال کی دو کمسن بچیوں کو اغوا کیا۔ 10 سال کی بچی کو درندگی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر مار ڈالا۔ پولیس نے کارروائی کرکے 3سال کی بچی کو بازیاب اور ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ مظفرگڑھ میں حوا کی بیٹیوں کی زندگی بدستور اجیران ہے۔ زیادتی کے پے در پے واقعات پر حکومت نے کئی بار نوٹس لے کر دیکھ لیا، لیکن مجرموں کو سزا نہ ہو سکنے کے باعث انسان نما درندے بے خوف ہو کر کارروائیاں کرتے ہیں۔ مختاراں مائی کے اسی مظفرگڑھ میں ایک اور لڑکی درندگی کا نشانہ بنادی گئی۔ واقعہ مرادآباد کے علاقے میں ہفتے کی صبح پیش آیا۔ دو معصوم بچیاں اپنے گھر میں کھیل رہی تھیں، ان کا والد مزدوری پر گیا ہوا تھا اور گھر میں کوئی بڑا موجود نہ تھا۔ اس دوران بچیوں کے بھائی کا سالا احسن اچانک گھر میں داخل ہوا۔ وہ دونوں معصوم بچیوں کو بہلا پھسلا کر ایک نزدیکی گھر میں لے گیا۔ ملزم نے دس سالہ بچی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور پھر رسی سے اس کا گلا گھونٹ دیا۔ کمسن بچی موقع پر جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کے بعد ملزم 3سال کی بچی کو اپنے ساتھ لے کر فرار ہوگیا۔ اہل علاقہ اور گھر والوں نے بچیوں کی تلاش شروع کی تو 10 سال کی بچی کی لاش قریبی گھر سے برآمد ہوئی۔ پولیس کو اطلاع دی گئی۔ مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے تو ملزم کو گرفتار اور بچی کو بازیاب کرکے والدین کے حوالے کردیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ مرادآباد محمد فاروق کا کہنا ہے کہ صورتحال کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ایس ایچ او صاحب آپ کی تحقیقات اپنی جگہ لیکن سوال یہ ہے کہ مظفرگڑھ میں زیادتی کے بعد موت کے حوالے کی گئی معصوم بچی کے واقعے کو بھی نوٹس لے کر لٹکا دیا جائے گا یا مجرم کو سزا بھی ملے گی؟کیا آپ ذمہ داری لیتے ہیں کہ اب مظفرگڑھ میں حوا کی کوئی بیٹی درندگی کا شکار نہیں بنائی جائے گی؟

مزید خبریں :