29 جولائی ، 2014
لندن........متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تمام کارکنان اوراہل وطن کو عید الفطر کی دلی مبارک باد پیش کی ہے۔ الطاف حسین نے عید کے پہلے روز نائن زیرو پرموجود اراکین رابطہ کمیٹی، حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے اراکین و دیگر ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ عید الفطر کی خوشیوں میں حق پرست شہداء، لاپتہ اور اسیر کارکنان کے اہل خانہ کو بھی یاد رکھیں اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حق پرست رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف شہید، نائلہ منیرکے شوہر منیر قادری اور تمام حق پرست شہدا ء کے درجات بلند فرما کر انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور ملک کے قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن ضرب عضب میں ملک کی مسلح افواج کو فتح و نصرت سے ہمکنار کرے۔