13 دسمبر ، 2014
کراچی...........ملک بھر میں چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے جلوس ۔ عزادار وں کی سینہ کوبی، مجالس بھی برپا کی گئیں، شہدائے کربلا کے چہلم پر ملک بھر میں مجالس عزا برپا کی گئیں اور جلوس نکالے گئے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے ۔حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہُ اور ان کے رفقاء کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔زیادہ تر شہروں میں جلوس اپنی منزلوں پر پہنچ گئے ۔کراچی میں چہلم کے مرکزی جلوس کا اگلا حصہ امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ گیا ہے۔یہ جلوس نمائش چورنگی کے قریب نشتر پارک سے برآمد ہوا تھا ۔جلوس کے شرکاء امام بارگاہ علی رضا پر نماز طہرین ادا کی تھی۔ لاہور میں حویلی الف شاہ سے برآمد ہونے والا چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے جو کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔پشاور میں بھی چہلم کا جلوس روایتی راستوں پرگامزن ہے، جلوس میں شریک عزدار ماتم کررہے ہیں۔پشاور میں چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالہ عنہ کے موقع پر تین ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔ پہلا ماتمی جلوس امام بارگاہ علمدار کربلا سے دو بجے کے قریب برآمد ہوا۔ جس کے بعد دوسرا ماتمی جلوس امام بارگاہ آخون آباد اور تیسرا ماتمی جلوس امام بارگاہ کوچہ رسالدار سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے قصہ خوانی بازار میں ایک ہوگئے۔ تینوں جلوس بعد نماز عشاء اختتام پذیر ہوں گے۔ماتمی جلوسوں میں شامل عزادار ماتم، سینہ کوبی ، زنجیر زنی اور نوحہ خوانی کرتے رہے ۔ حیدرآباد میں چہلم کا مرکزی جلوس قدم گاہ مولا علی سے نکلا گیا جو مقرر ہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کربلا دادن شاہ پر ختم ہوگا۔سکھر میں چہلم کے جلوس کا آغاز مرکزی امام بارگاہ انجمن امامیہ سے ہوا،سیکیورٹی انتظامات کے تحت جلوس کے راستوں پر خار دار تار لگائے گئے ہیں ۔خیرپور میں چہلم کا جلوس مرکزی امام بارگاہ انجمن حیدری سے نکالا گیا جو روایتی راستوں پر رواں دواں ہے ۔لاڑکانہ میں امام بارگاہ سید بہادر حسین شاہ اور امام بارگاہ جعفریہ سے جلوس نکالے گئے ۔ میرپورخاص، نواب شاہ ، بدین، ٹھٹھہ، ٹنڈو الہ یار، گھوٹکی اور جیکب آباد سمیت سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں بھی چہلم کے جلوس نکالے گئے۔ملتان میں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگارہ جوادیہ سے برآمد ہو ا جو رات گئے آستانہ لعل شاہ پر ختم ہو گا ۔فیصل آباد میں مرکزی جلوس کا آغاز امام بارگاہ عزا خانہ شبیر دھوبی گھاٹ سے ہوا ۔ جلوس کے شرکاء طے شدہ راستوں سے ہوتے ہوئے واپس اسی مقام پر پہنچیں گے۔ گوجرانوالہ میں چہلم کا مرکزی جلوس ڈیرہ اعوانہ سے نکالا گیا جو رات گئے اسی مقام پر ختم ہوگا،جھنگ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ انجمن حیدری سے نکالا گیا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہوا۔ سیالکوٹ، جہلم، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، خانیوال، وہاڑی، بہاول پور، بہاول نگر، رحیم یار خان، بھکر ، شورکوٹ، چنیوٹ، میا نوالی ،راجن پور، سرگودھا اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی چہلم کے جلوس نکالے گئے۔گلگت ، بنوں اورہنگو میں سخت حفاظتی انتظامات میں جلوس نکالے گئے جو پُرامن طور پر اپنی منزل تک پہنچ کر ختم ہو گئے۔ اسکردومیں مرکزی جلوس کھرژونگ امام بارگاہ سے نکالا گیا جو اسی مقام پر اختتام پذیر ہوا۔ پاراچنار میں شہدائے کربلا کے چہلم پر پاک افغان سرحد بندرہی اور مختلف مقامات سے جلوس نکالے گئے۔آزاد کشمیر میں بھی شہدائے کربلا کا چہلم نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا، جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔