15 دسمبر ، 2014
لاہور.........لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران جیو نیوز کی ٹیمیں تحریک انصاف کے کارکنوں کا نشانہ بنی رہیں،ان پر ڈنڈےاور پتھر برسائے گئے ،جیو نیوز کے سینئر رپورٹر امین حفیظ سر پر کانچ کی گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔جیو نیوز کے سینئر رپورٹر امین حفیظ، اینکر پرسن ثناء مرزا کے ساتھ چیئر نگ کراس پر فرائض انجام دے رہے تھے،پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ثناء مرزا پر بوتلیں پھینکیں، امین حفیظ انہیں بچانے آگے بڑھے تو ان کے سر پر بھی پتھر لگا،درد اور تکلیف سے دہرے ہوکر گر پڑے ،انہیں میو اسپتال لے جایا گیا، ابتدائی ٹیسٹوں کے بعد ایکسرے اور سی ٹی اسکین کیا گیا۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ امین حفیظ کو سر پر کوئی سخت چیز لگی تاہم کوئی گہرا زخم نہیں آیا۔ امین حفیظ کوان کے چاہنے والوں نے دعاؤں کے ساتھ پھولوں کے گلدستے بھیجے،دوستوں اور اہل خانہ نے انہیں خطرے سے باہر دیکھ کر خدا کا شکر ادا کیا، وہ دو چار روز میں اسی لہک ،دہک اور چہک کے ساتھ جیو نیوز پر نظر آئیں گے۔