06 جنوری ، 2015
ہنگو.......ضلع ہنگو میں گزشتہ سال ایک بہادر طالب علم اعتزاز حسن نے اپنے اسکول میں داخل ہونیوالے خودکش بمبار کو دبوچ کر اپنی جان دی اور اسکول کے 900 طالب علموں کو بچالیاتھا۔ آج اس بہادر شہید کی پہلی برسی ہے۔ قوم کا سلام اعتزاز حسن کے نام۔ ضلع ہنگو کے علاقے ابراہیم زئی میں اعتزازحسن شہید کی پہلی برسی منائی گئی۔ شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی اور مسجدِعباس علمدار میں تلاوت قرآن پاک کیساتھ شہید کو یاد کیا گیا۔ اعتزازحسن کی پہلی برسی میں عوامی نیشنل پارٹی کےمیاں افتخارحسین، مجلس وحدت المسلمین کے علامہ امین شہیدی اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔پاک فوج کے کمانڈنگ آفیسر کرنل افراسیاب اور ڈپٹی کمشنر ہنگونعیم انور بھی شہید اعتزازحسن کی برسی میں شریک ہوئے ، قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پرشہیداعتزازحسن کےبھائی مجتبیٰ حسن نے جیونیوز سے گفتگو میں کہا کہ بھائی کی شہادت پر فخر ہے جس نے اپنی جان دیکر اسکول کے 900 طالبعلموں کو بچالیا۔ شہید کےبھائی نے اعتزاز کو اس کی پہلی برسی پر یاد رکھنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔اعتزازحسن شہید نے گزشتہ سال ضلع ہنگو کے علاقے ابراہیم زئی میں ایک اسکول کے اندر داخل ہونیوالے خودکش بمبار کو گیٹ پر ہی دبوچ لیا تھا۔ دھماکے میں اعتزاز حسن موقع پرشہیدجبکہ اسکول کے دیگر بچے مکمل طور پر محفوظ رہے تھے۔ اعتزاز نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر شہادت کا اعزاز حاصل کرلیا۔