پاکستان
22 جنوری ، 2015

واپڈا ملازمین مجوزہ نجکاری کے خلاف لاہور میں سراپائے احتجاج

واپڈا ملازمین مجوزہ نجکاری کے خلاف لاہور میں سراپائے احتجاج

لاہور...........واپڈا ملازمین محکمے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف لاہور میں سراپا احتجاج بن گئے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ 28جنوری تک مذاکرات نہ کئے گئے تو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گے۔ واپڈا کی مجوزہ نجکاری کے خلاف لاہور پریس کلب کے سامنے مظاہرے کا اہتمام کیا واپڈا ہائیڈرو لیبر یونین نے۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ بعد میں وہ ریلی کی صورت میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے پہنچے اور وہاں دھرنا دیا۔ واپڈا ملازمین نے حکومت کی نجکاری پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے مہنگائی میں کمی کا مطالبہ کیا۔ واپڈا رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بجلی کمپنیوں کا برا حال ہے، نجکاری سے بجلی مزید مہنگی ہو گی۔ حکومت کی سمت درست نہیں۔ ہائیڈل منصوبوں کی طرف جانا چاہئے۔ مظاہرے اور دھرنے کے باعث ڈیوس روڈ، مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔ واپڈا ملازمین نے اعلان کیا کہ نجکاری روکنے کے لئے انہیں ملک بھر کی سڑکیں اور بجلی بند کرنا پڑی تو وہ ایسا بھی کر دکھائیں گے۔

مزید خبریں :