Advertisement

کھیل
time icon 03 مارچ ، 2018

لاہور قلندرز کی پی ایس ایل 3 میں مسلسل پانچویں شکست، پشاور زلمی کامیاب


کامران اکمل کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان سپر لیگ کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے باآسانی لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کی بیٹنگ ایک مرتبہ پھر ناکام رہی اور پوری ٹیم 100 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

101 رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے بغیر کسی نقصان کے اسے 14ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

کامران اکمل نے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ تمیم اقبال نے 37 رنز بنائے۔ لاہور کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل پانچویں شکست تھی۔


اس سے قبل لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 100 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

قلندرز کا آغاز شاندار تھا۔ فخر زمان اور برینڈن میکلم نے وکٹ کے چاروں طرف اسٹروکس کھیل پر اسکور کو 42 رنز تک پہنچادیا۔

تاہم حسن علی نے میکلم کی وکٹ حاصل کرکے پشاور زلمی کو پہلی کامیابی دلوادی۔

اس کے بعد لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ میں اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے وکٹیں کھونے کا سلسلہ شروع کردیا، 57 رنز کے مجموعی اسکور پر فخر زمان (30) اور دنیش رامدین (0) آؤٹ ہوگئے۔

گزشتہ میچ میں اپنی بیٹنگ سے سب کو متاثر کرنے والے آغا سلمان اس مرتبہ ناکام رہے اور 13 رنز بناکر ثمین گل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین سہیل اختر تھے جن کی بری فارم کا سلسلہ اس میچ میں بھی جاری رہا اور وہ 12 رنز بناکر لائم ڈوسن کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد پی ایس ایل تھری کا پہلا میچ کھیل رہے حسن علی کی گیند پر سنیل نارائن کلین بولڈ ہوگئے۔









نارائن کے بعد آنے والے بلے باز بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ عمر اکمل، سہیل خان اور یاسر شاہ بھی بالترتیب 15، 4 اور صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز سلمان ارشاد تھے جو حسن علی کی گیند پر ڈوئن اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح لاہور کی پوری ٹیم 100 رنز پر آؤٹ ہوگئی جسے پشاور زلمی نے باآسانی بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی اور لائن ڈوسن نے تین، وہاب ریاض نے دو جبکہ ثمین گل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ڈیرن سیمی کی انجری کے باعث محمد حفیظ نے ان کی جگہ پشاور زلمی کے لیے کپتانی کے فرائض سرانجام دیے۔

لائم ڈوسن کو بہترین گیند بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فتح کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی کے پانچ میچوں میں 6 پوائنٹس ہوگئے ہیں جبکہ لاہور قلندرز ابھی تک ایک بھی پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

اتوار کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے شروع ہوگا۔


Advertisement

@geonews_sport