Advertisement

کھیل
time icon 20 مارچ ، 2018

پی ایس ایل کے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان پہنچ گئے

لاہور: پاکستان سپر لیگ تھری کے پلے آف میں شرکت کے لئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے غیر ملکی کھلاڑی لاہور پہنچ گئے اور کچھ کھلاڑی آج پہنچ کر ٹیم کو جوائن کریں گے۔

غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے غیرملکی کھلاڑی رات گئے لاہور پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

لاہور پہنچنے والوں میں پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی، لیام ڈاؤسن، کرس جارڈن، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے رائلی روسو، کراچی کنگز کے روی بوپارا، کرس گرین اور کولن انگرم شامل ہیں۔ جوڈینلی، لینڈل سمنز اور ڈیوڈویسی بھی پاکستان آنے والوں میں شامل ہیں۔

تمیم اقبال اور محمود اللہ بھی آج پاکستان پہنچیں گے۔

پشاور زلمی کے تمیم اقبال اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمود اللہ بھی آج صبح سری لنکا سے پاکستان پہنچ گئے اور اپنی ٹیموں کو جوائن کرلیا، بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے تمیم اقبال آج ٹیم کے ساتھ اپنی 29 ویں سالگرہ بھی منائیں گے۔

سری لنکا سے تعلق رکھنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی تھسارا پریرا بھی آج لاہور پہنچ کر اپنی ٹیم کو جوائن کریں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے غیر ملکی کھلاڑی 24 مارچ کو دبئی سے براہ راست کراچی پہنچیں گے اور نیشنل اسٹیڈیم میں ایونٹ کا فائنل کھیلیں گے۔

اس سے قبل غیرملکی کمنٹیٹر بھی لاہور پہنچے تھے جن میں ایلن ولکنز، ڈیرن گنگا اور مائیکل سلیٹر شامل ہیں اور وہ  ایلی منیٹرز میچز کے دوران رمیز راجا اور بازید خان کے ہمراہ کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔








یاد رہے کہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آج پی ایس ایل کے ایلیمینیٹر میں آمنے سامنے ہوں گی اور میچ کی فاتح ٹیم کل کراچی کنگز سے معرکہ آراء ہوگی۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے دو اہم غیرملکی کھلاڑی کیون پیٹرسن اور شین واٹسن پاکستان نہیں آئے جس پر کپتان سرفراز احمد نے بھی شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ 

پریس کانفرنس کے دوران سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وعدہ خلافی کرنے والے کھلاڑیوں کو ڈرافٹ میں شامل نہیں کرنا چاہیے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مینجمنٹ نے شین واٹسن اور کیون یپٹرسن کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد سری لنکا کے تھسارا پریرا اور بنگلدیش کے محمود اللہ سے رابطہ کیا اور وہ آج پشاور زلمی کے خلاف ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کے زخمی ہونے کے بعد ٹیم کی قیادت کرنے والے این مورگن بھی پاکستان نہ آنے والوں میں شامل ہیں۔ 

24 مارچ کو پاکستان پہنچنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے غیرملکی کھلاڑیوں میں جے پی ڈومنی، لیوک رونچی، سمت پٹیل، اسٹیون فن، آندرے رسلز اور چیڈوک والٹن شامل ہوں گے جب کہ سیم بلنگز اور الیکس ہیلز نے پاکستان میں کھیلنے سے معذرت کرلی تھی۔

یاد رہے کہ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان آج کھیلے جانے والی میچ کی فاتح ٹیم کل کراچی کنگز سے ٹکرائے گی۔

پی ایس ایل کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور ایلیمینیٹرز راؤنڈ میں کامیاب ہونے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے مدمقابل ہوگی۔

Advertisement

@geonews_sport