Advertisement

کھیل
time icon 15 مئی ، 2021

پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے اگلے دو روز اہم قرار

پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کے مستقبل کے لیے اگلے ایک دو روز انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں، اس دوران پی ایس ایل کے بقیہ 20 میچز کے یو اے ای میں ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں فیصلہ ممکن ہے۔

پی سی بی کو ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے عید کی تعطیلات کے اختتام پر جواب مل سکتا ہے، عید کے بعد یو اے ای میں کل سے دفاتر کھل رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے پی سی بی یو اے ای میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز کروانے کے لیے پر امید ہے کیونکہ یو اے ای میں میچز کے لیے مثبت اشارے مل رہے ہیں، میچز کے لیے ابو ظہبی متوقع وینیو ہو سکتا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ایس ایل کے میچز کو ری شیڈول کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں کیونکہ 20 جون تک لیگ مکمل کرنے کے لیے دو سے تین ڈبل ہیڈر کرانے کی تجویز زیر غور ہے۔

پی سی بی نے میچز کی میزبانی کے لیے ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہوا ہے اور ایمریٹس کرکٹ بورڈ کو میچز کی میزبانی کے لیے موجودہ صورتحال میں حکومت سے کلئیرنس درکار ہے،  اس سلسلے میں پی سی بی کا اعلیٰ سطحی وفد چار روز سے یو اے ای میں معاملات کے لیے موجود ہے جبکہ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کی بھی جلد انگلینڈ سے واپسی کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں اجازت نہ ملی تو کراچی بطور بیک اپ آپشن استعمال کیا جائے گا، اس صورتحال میں پی سی بی دوبارہ این سی او سی سے رابطہ کرے گا کیونکہ گزشتہ چند روز سے ملک میں کووڈ کیسز کی شرح پھر کم ہو رہی ہے۔

Advertisement

@geonews_sport