Advertisement

کھیل
time icon 19 جنوری ، 2022

پی ایس ایل: کراچی میں میچز کیلئے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت

پاکستان سپر لیگ لیگ کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے 7 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا/ فائل فوٹو
پاکستان سپر لیگ لیگ کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے 7 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا/ فائل فوٹو

این سی او سی نے پاکستان سپر لیگ 7 کے کراچی میں میچز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دےدی۔

پاکستان سپر لیگ لیگ کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے 7 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق کراچی میں شیڈول ہر میچ میں تقریباََ 8000 تماشائیوں کو نیشنل اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی تاہم ان تمام تماشائیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے سخت کووڈ 19 پروٹوکولز بنائےگئے ہیں۔

کووڈ پروٹوکولز کیا ہے؟

12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کی مکمل کووڈ 19 ویکسی نیشن ہونا لازمی ہوگا۔

 اسٹیڈیم کے داخلی دروازوں پر اپنا درست ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔

 اسٹیڈیم میں چہرے کو ماسک سے مسلسل ڈھانپے رکھنا لازم ہوگا۔

 این سی او سی کی جانب سے کووڈ 19 سے متعلق جاری کی گئی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہےکہ اب پی ایس ایل 7 کے کراچی میں کھیلے جانے والے ہر میچ میں 25 فیصد تماشائیوں کی آمد کے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے، پی سی بی ایک ذمہ دار ادارہ ہے اور اسے شائقین کرکٹ کی صحت اور حفاظت کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کا مکمل ادراک ہے۔

انہوں نے کہا کہ این سی او سی کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے لیکن اس سلسلے میں تماشائیوں کی جانب سے بھی غیر مشروط تعاون کی ضرورت ہوگی تاکہ وہ ایک محفوظ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہوسکیں۔

واضح رہےکہ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا اور  27 فروری تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں تماشائیوں کی تعداد سے متعلق فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

Advertisement

@geonews_sport