30 نومبر ، 2016
سلیمان سعادت خان...میئر کراچی وسیم اختر اور تحریک انصاف نے اختلافات بھلا کر شہر کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے، وسیم اختر کا کہنا ہے کہ وہ تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر کراچی کے لیے آواز اٹھانا چاہتے ہیں ۔
کراچی میں میئر کراچی وسیم اختر نے تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی، رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان اور عمران اسماعیل سے ملاقات کی۔
جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ وہ کراچی کے حق کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کونسل میں کسی بھی اپوزیشن کی ضرورت نہیں۔
تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کراچی کے لیے تمام اختلافات بھلاکر وسیم اختر کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔
دونوں جماعتوں کا کہنا ہے کہ سیاسی اختلافات بھلاکر بلدیاتی اختیارات اور وسائل کے حصول کے لئے جنگ لڑنے کو تیار ہیں اور ساتھ ہی ساتھ سڑکوں پر مطالبات کی منظوری کے لئے احتجاج کا آپشن بھی کھلا ہے۔